Monday, 7 May 2018

تو میری آنکھ کے حجرے میں لوٹ آئے گا... میں تجھکو دونوں جہاں کی حدود سونپتا ہوں...

حدوں سے بڑھ کے مکمل حدود سونپتا ہوں...
تری تھکن کو میں اپنا وجود سونپتا ہوں...

رگوں میں خون کی حدت سے خشک سالی ہے...
میں اس روانی کو رسم_جمود سونپتا ہوں...

وہ مجھ سے دور تو میں اس سے دور ہونے لگا...
میں برگزیدہ اذیت کو سود سونپتا ہوں...

میں سونپ دینے کی منزل تلک نہیں پہنچا...
مگر کسی کو قیام و سجود سونپتا ہوں...

وہ بے زبان خدا کر رہا تھا سرگوشی...
میں معرفت کے تناسب سے جود سونپتا ہوں...

تو کیا یہ لفظ بھی خالی ہیں معنویت سے...
زبور_جسم کو روح_داؤد سونپتا ہوں...

مرا وجود مدینہ شمار ہوتا ہے...
میں جب بھی دل سے دہن کو درود سونپتا ہوں...

نبی کا بیٹا ہوں نسبت ہے معتبر میری...
کسی کو فقر کسی کو نمود سونپتا ہوں...

عیاں بھی ہونا ہے لیکن نہاں بھی رہنا ہے...
سو غائبانہ ادا کو ورود سونپتا ہوں...

مجھے ہے خوف زمانہ نہ نیچے دب جائے...
میں اپنے سر کا فلک کو عمود سونپتا ہوں...

تو میری آنکھ کے حجرے میں لوٹ آئے گا...
میں تجھکو دونوں جہاں کی حدود سونپتا ہوں...

تو، دیکھنے کا ارادہ تو باندھ اے کاظم...
میں تیری آنکھ کو رمز_شہود سونپتا ہوں

No comments:

Post a Comment

میں اس کو جوڑنے بیٹھا تھا خود بھی ٹوٹ گیا جو ایک شخص مجھے پارہ پارہ ہاتھ لگا

 میں بجھ گیا تو اچانک تمہارا ہاتھ لگا میں جل اُٹھوں گا قسم سے دوبارہ ہاتھ لگا  غریقِ چشمِ فسوں ساز مکت ہوتے نہیں   میں پورا ڈوب گیا تو کنارہ...